ہول سیلرز کا 19 جولائی کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان

ہول سیلرز کا 19 جولائی کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان

کراچی(بزنس رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کو حاصل کیے گئے اضافی اختیارات کے خلاف کاروباری برادری میں شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

اسی سلسلے میں گروسرز اینڈ ہول سیلرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ 19 جولائی کو ملک بھر میں ہونے والی پُر امن ہڑتال کے موقع پر کراچی کی ہول سیل مارکیٹ جو ایشیا کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ مانی جاتی ہے مکمل طور پر بند رہے گی۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم نے کہا ہے کہ وہ کراچی چیمبر کی جانب سے دی گئی ہڑتال کی کال کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور اپنے تمام ارکان سے اپیل کی ہے کہ وہ ایف بی آر کے اختیارات کے خلاف مشترکہ جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ٹیکس قوانین کے سیکشن 37 اے ،37 بی اور سیکشن 21کو فوری طور پر واپس لیا جائے کیونکہ یہ شقیں کاروباری برادری کو ہراساں کرنے اور تاجروں کا اعتماد ختم کرنے کا باعث بن رہی ہیں۔ چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم نے مزید کہا کہ گروسرز اینڈ ہول سیلرز ایسوسی ایشن کراچی چیمبر کے احتجاج میں برابر کی شریک ہوگی اور تمام تر تنظیمی وسائل اور تعاون مہیا کرے گی تاکہ یہ احتجاج مؤثر طریقے سے اپنے مقاصد حاصل کر سکے ۔ واضح رہے کہ عبد الروف ابراہیم نے کراچی چیمبر آف کامرس کی حمایت میں پہل کرتے ہوئے ہڑتال کو سپورٹ کیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں