لاہور ائرپورٹ کے کارگو میں آتشزدگی،اربوں کا نقصان
کراچی(بزنس رپورٹر)لاہور ائرپورٹ کے کارگو ایریا میں حالیہ آتشزدگی کے نتیجے میں کراچی سمیت ملک بھر کے درجنوں قانونی درآمد کنندگان اور موبائل فون ڈیلرز کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔۔۔
جس پر کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدررضوان عرفان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے فوری مالی امداد اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آتشزدگی سے متاثرہ تاجر وہ افراد ہیں جنہوں نے قانونی ذرائع سے موبائل فونز اور دیگر الیکٹرانکس مصنوعات درآمد کی تھیں اور انکا قیمتی کاروباری سامان لاہور ایئرپورٹ کے کارگوایریا میں کلیئرنس کے مراحل میں تھا کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی اور سارا سامان جل کر راکھ ہو گیا ۔صدر کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ یہ محض چند افراد کا نقصان نہیں بلکہ مجموعی طور پر ملکی تجارت، قانونی درآمدی نظام اور قومی معیشت پر گہرا وار ہے کیونکہ ان تاجروں نے حکومت کو کروڑوں روپے ٹیکس، ڈیوٹی اوردیگر قانونی فیسیں ادا کی۔