اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا منفی اختتام،154ارب خسارہ
1432پوائنٹس کی کمی سے 100انڈیکس ایک لاکھ 63ہزار 98پر بند ہوا 479کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار، 145میں اضافہ،302کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس رپورٹر) ایشیائی خطے میں کشیدگی کے اثرات ،عالمی کساد بازاری ، آئی ایم ایف سے قسط ملنے میں تاخیر اور دیگر مالیاتی منڈیوں میں پرکشش سرمایہ کاری کے مواقع پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچاگئے ۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس میں ٹریڈنگ کا آغاز 546 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 63 ہزار 948 پوائنٹس سے ہوا،تاہم حصص کی مسلسل فروخت سے انڈیکس کا منفی درجہ حرارت بڑھتا گیا اور دوران کاروبار یکے بعد دیگرے 1 لاکھ 65 ہزار ، 1 لاکھ 64 ہزار اور 1 لاکھ 63 ہزار پوائنٹس کی تین نفسیاتی حدیں گنوا کر ایک موقع پر 2ہزار سے زائد پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 62 ہزار 411 پوائنٹس کی یومیہ کم ترین حد تک ٹریڈ ہوا ۔دن بھر انشورنس ، فرٹیلائزر ، انرجی سیکٹرز کے علاوہ آئل اینڈ گیس، بینکنگ ، ریفائنری، سیمنٹ اور آٹو سیکٹرز کے حصص میں مندی کا سماں رہا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1432 پوائنٹس کی کمی سے 1لاکھ 63 ہزار 98 پوائنٹس پر ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 450 پوائنٹس کی کمی سے 50184 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 801 پوائنٹس گھٹ کر 99276 پوائنٹس پر بند ہوا ۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 154ارب روپے کا خسارہ ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم 18 ہزار 910 ارب روپے ر ہ گیا۔مجموعی طور پر 479 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 145 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 302 میں کمی اور 32 میں استحکام رہا ۔