جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر آج پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے
اسلام آباد: (دنیا نیوز) جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر اہم وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ آج پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
صدر انڈونیشیا کا دورہ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ اس سال پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو پہلی بار اسلام آباد آئیں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر پرابووو سوبیانتودو روز قیام کے دوران وزیرِاعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، وہ صدرِ آصف علی زرداری، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کریں گے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور علاقائی و عالمی سطح پر شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر جامع تبادلۂ خیال کریں گے۔
صدر ابووو کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے۔