بھاری گیس بلوں سے صنعتکاروں کافیکٹریوں کو تالا لگانے کا فیصلہ
اربابِ اختیار ہوش کے ناخن لیں،معیشت ہڑتالوں کی متحمل نہیں ہوسکتی،ریحان حنیف
کراچی (بزنس رپورٹر)کراچی چیمبر نے غیر منصفانہ، غیر شفاف اور بھاری گیس بلوں کے خلاف بھرپور احتجاج کرتے ہوئے حکومت اور متعلقہ اداروں کو متنبہ کیا ہے کہ اگر فوری اصلاحی اقدامات نہ کیے گئے تو ملکی صنعت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے ۔کراچی چیمبر کے نو منتخب صدر ریحان حنیف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گیس کے بھاری بل صنعتکاروں پر بجلی بن کر گرے ہیں، کئی ایکسپورٹرز نے مجبوراً اپنی فیکٹریوں کو تالا لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری معیشت مزید ہڑتالوں اور دھرنوں کی متحمل نہیں ہوسکتی، اربابِ اختیار ہوش کے ناخن لیں، ورنہ اس بحران کا خمیازہ پوری معیشت کو بھگتنا پڑے گا ۔پریس کانفرنس میں سابق صدر کراچی چیمبر جاوید بلوانی نے انکشاف کیا کہ متعدد ملٹی نیشنل کمپنیاں پاکستان سے اپنا کاروبار سمیٹ رہی ہیں جبکہ ایک معروف پاکستانی ایکسپورٹر کمپنی نے اپنا اپیرل سیکشن بند کر دیا ہے ، محسوس ہوتا ہے کہ باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت حکومت صنعتوں کو نقصان میں مبتلا کرنا چاہتی ہے ۔