ریکارڈ ٹریڈنگ، اسٹاک ایکسچینج کیلئے کاروباری ہفتہ تاریخی رہا
بینچ مارک کے ایس ای 100انڈیکس نے تاریخ کی بلند ترین سطح پرٹریڈ کیا ہفتے کے اختتام پر ریکارڈ سطح پربند، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ دیکھا گیا
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتہ تاریخی ثابت ہوا، جہاں مارکیٹ نے ریکارڈ ٹریڈنگ کے ساتھ نئی بلند ترین سطح قائم کی۔ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس نے نہ صرف تاریخ کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کیا، بلکہ ہفتے کے اختتام پر ریکارڈ سطح پر بند بھی ہوا، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے باعث مارکیٹ میں بھرپور تیزی دیکھی گئی، جس کے پیچھے آئی ایم ایف سے موصول ہونے والی رقوم، ریکوڈک منصوبے میں مثبت پیشرفت، سیاسی بے یقینی کا خاتمہ، شرح سود کو 11 فیصد پر مستحکم رکھنے کے قوی امکانات، حکومتی اصلاحات، عسکری استحکام اور تیل و گیس کے نئے ذخائر کی دریافت جیسے اہم عوامل کارفرما رہے ۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران کے انڈیکس میں مجموعی طور پر 2 ہزار 778 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ انڈیکس 1.66 فیصد اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 69 ہزار 864 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری ہفتے کے دوران پہلی بار کے انڈیکس نے 1 لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کی جو سرمایہ مارکیٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے ۔ ہفتہ وار بنیاد پر انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 70 ہزار 697 پوائنٹس رہی، جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 67 ہزار 386 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔