اسٹاک مارکیٹ :ریکارڈ سازتیزی، 1لاکھ79ہزارکی بلند سطح عبور
2679 پوائنٹس بڑھ کر 100 انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 79 ہزار 34پر بند ہوا
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک مارکیٹ کی ریکارڈ تیزی نے ناصرف مقامی سرمایہ کاروں کو حیران کردیا بلکہ عالمی سطح پر بھی نقارہ بجادیا ۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز انڈیکس کی ٹریڈنگ کا آغازمثبت زون میں ہوا، دوران ٹریڈنگ رفتار اور ٹریڈنگ کا اختتام تاریخ ساز رہا ۔ انڈیکس کی برق رفتاری دن بھر جاری رہی اور ٹریڈنگ کے پہلے سیشن میں ہی انڈیکس 1 لاکھ 77 ہزار سے بڑھ کر 1 لاکھ 78 ہزار اور پھر 1 لاکھ 79 ہزار کی حدوں کو پار کرگیا ۔کاروبار کے اختتا م پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2679 پوائنٹس بڑھ کر پہلی بار 1 لاکھ 79 ہزار 34 پوائنٹس کی ریکارڈ حد پر بند ہوا۔ اس دوران سرمایہ کاروں کو 244ارب روپے کا منافع ہو اجس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم بڑھ کر 20 ہزار 212 ارب ہوگیا۔اسٹاک ایکسچینج ایکسپرٹ جبران سرفراز نے دنیا نیوز کوبتایا کہ امن و امان کی بہتر صورتحال ، عسکری و سفارتی مضبوطی ، ریکوڈک میں عالمی سرمایہ کاری کی مثبت خبریں اور آئی ایم ایف کی ایماء پر حکومتی اصلاحات پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو آئندہ ہفتے بھی تیزی کی جانب گامزن کئے رکھ سکتی ہیں ۔