دسمبر میں فرٹیلائزر کی ریکارڈ فروخت سے نئی تاریخ رقم

دسمبر میں فرٹیلائزر کی ریکارڈ فروخت سے نئی تاریخ رقم

یوریا کی فروخت میں سالانہ 37 ،ماہانہ 65فیصداضافہ ،13.56لاکھ ٹن ریکارڈ ڈی اے پی کی فروخت بھی مضبوط رہی ، کمپنیوں کے ڈسکاؤنٹ کا بھی اہم کردار

کراچی(بزنس رپورٹر)فرٹیلائزر کی فروخت نے نئی تاریخ رقم کر دی ۔نیشنل فرٹیلائزر ڈیولپمنٹ سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2025 میں یوریا کی فروخت پہلی مرتبہ 13 لاکھ 56 ہزار ٹن کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی جو ملکی زرعی شعبے میں غیر معمولی سرگرمیوں اور مضبوط طلب کی عکاس ہے ۔رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں دسمبر 2025 کے دوران یوریا کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 37 فیصد جبکہ ماہانہ بنیاد پر 65 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا،اس کے برعکس نومبر 2025 میں یوریا کی فروخت میں 4 فیصد کمی دیکھی گئی تھی تاہم ربیع سیزن کی بھرپور سرگرمیوں نے دسمبر میں طلب کو غیر معمولی حد تک بڑھا دیا ۔جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق فاسفورس کھاد یعنی ڈی اے پی کی فروخت بھی دسمبر 2025 میں مضبوط رہی اور مجموعی فروخت 8 لاکھ ٹن تک پہنچ گئی۔ ڈی اے پی کی فروخت میں ماہانہ بنیاد پر 67 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 42 فیصد اضافہ ہوا۔فرٹیلائزر کمپنیوں کی جانب سے قیمتوں میں دی جانے والی رعایتوں نے بھی فروخت میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ۔رپورٹ کے مطابق اینگرو فرٹیلائزر نے دسمبر کے دوران یوریا پر400روپے فی بیگ تک ڈسکاؤنٹ برقرار رکھا جبکہ فوجی فرٹیلائزر کی جانب سے بھی یوریا کے بیگ پر 150 سے 200 روپے تک رعایت دی گئی ۔دسمبر کے اختتام پر یوریا کا ذخیرہ  کم ہو کر 3 لاکھ 15 ہزار ٹن رہ گیا جبکہ ڈی اے پی کا اختتامی ذخیرہ 2 لاکھ 19 ہزار ٹن ریکارڈ کیا گیا ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں