کے پی ٹی، نجی ٹرمینلز کی کارگو ہینڈلنگ جدید بنانے کا منصوبہ

کے پی ٹی، نجی ٹرمینلز کی کارگو ہینڈلنگ جدید بنانے کا منصوبہ

وزیر ریلوے نے گرین سگنل دیدیا، ریکوڈک منصوبے کیلئے بھی کارگو ہینڈلنگ ہوگی

کراچی(محمدحمزہ گیلانی)کراچی پورٹ ٹرسٹ اور پرائیویٹ ٹرمینلز کی کارگو ہینڈلنگ کو جدید خطوط پر فعال کرنے کے لیے جامع منصوبہ تیار کر لیا گیا، وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اس منصوبے کیلئے کے پی ٹی کو گرین سگنل دے دیا، جبکہ اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ریکوڈک منصوبے کے لیے بھی کراچی پورٹ سے کارگو ہینڈلنگ کی مکمل تیاری ظاہر کی گئی ہے ، کے پی ٹی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ریکوڈک منصوبے کے لیے کراچی پورٹ کے ذریعے ریلوے کارگو ہینڈلنگ فراہم کی جائے گی تاکہ خام مال اور دیگر اشیاء کی ترسیل بروقت اور مؤثر انداز میں ممکن بنائی جا سکے ، اس موقع پر وزیر ریلوے نے کے پی ٹی حکام کو یقین دہانی کرائی کہ رواں سال کے دوران کے پی ٹی کی ریلوے کارگو ہینڈلنگ 5 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد تک لے جائی جائے گی، جبکہ چند ہی ماہ میں مجموعی کارگو ہینڈلنگ کو دگنا کر دیا جائے گا، وفاقی وزیر نے بتایا کہ نہ صرف کراچی پورٹ کی کارگو ہینڈلنگ کو جدید ماڈل کے تحت استوار کیا جائے گا، بلکہ پرائیویٹ ٹرمینلز سے خام مال اور تیار مال کی نقل و حرکت کو بھی بہتر، تیز اور منظم بنایا جائے گا، ان کا کہنا تھا کہ ریلوے جدید ماڈل سسٹم کے تحت فیری سروس کے مسافروں کو ملک بھر کے ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرے گی، تاکہ بندرگاہ، فیری اور ریلوے کے درمیان مؤثر رابطہ قائم ہو سکے ۔ معاشی ماہرین کے مطابق ریلوے کارگو ہینڈلنگ کے فروغ سے مال بردار گاڑیوں کی اجارہ داری کم ہوگی، سڑکوں پر ٹریفک دباؤ میں واضح کمی آئے گی اور لاجسٹکس لاگت گھٹنے سے ملکی تجارت اور برآمدات کو بھی فروغ ملے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں