اسٹاک ایکسچینج، کاروباری ہفتے میں زبردست تیزی کا رجحان غالب رہا
بینچ مارک 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 5ہزار 374 پوائنٹس کانمایاں اضافہ ہفتہ وار بنیاد پر انڈیکس 3فیصد بڑھا، ایک لاکھ 84ہزار 409پوائنٹس پر بند ہوا
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران زبردست تیزی کا رجحان غالب رہا، جہاں بینچ مارک 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 5 ہزار 374 پوائنٹس کانمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ہفتہ وار بنیاد پر 100 انڈیکس 3 فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 84 ہزار 409 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ہفتے کے دوران مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ بھی دیکھا گیا جس میں 100 انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح ایک لاکھ 87 ہزار 905 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح ایک لاکھ 79 ہزار 535 پوائنٹس رہی، مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں خاصی بہتر رہیں اور ایک ہفتے میں 394 ارب روپے مالیت کے 6 ارب 48 کروڑ حصص کا لین دین ہوا، تیزی کے باعث مارکیٹ کی مجموعی مالیت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ایک ہفتے کے دوران 555 ارب روپے بڑھ کر 20 ہزار 768 ارب روپے تک پہنچ گئی، اسٹاک ماہرین کے مطابق مثبت معاشی اشاریوں،شرح سود سے متعلق توقعات اورمنتخب شعبوں میں سرمایہ کاری کے بڑھتے رجحان نے مارکیٹ کو سہارا دیا۔ ہفتے کے دوران آئل اینڈ گیس، بینکنگ، آٹو موبائل اور سیمنٹ کے شعبوں میں سب سے زیادہ کاروبار ریکارڈ کیا گیاجہاں مقامی اور ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کی دلچسپی نمایاں رہی، تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر معاشی پالیسیوں میں تسلسل اور مارکیٹ کے لیے سازگار اقدامات برقرار رہے تو آئندہ دنوں میں اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان جاری رہنے کا امکان ہے۔