ویمنز ڈیجیٹل اسکلز پروگرام،12ہزارماہانہ وظیفہ ملے گا
لاہور(آئی این پی )مریم نواز ہنرمند نوجوان پروگرام کے تیسرے مرحلے کے تحت خواتین کیلئے ایک منفرد ڈیجیٹل سکلز پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے ، جس میں منتخب امیدواروں کو ماہانہ 12 ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔
اس پروگرام کا مقصد خواتین کو گھر بیٹھے جدید ڈیجیٹل مہارتیں سکھا کر باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ پروگرام کے تحتپنجاب سکلز ڈیویلپمنٹ فنڈ کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جو خاص طور پر دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی تعلیم یافتہ خواتین کیلئے تیار کیا گیا ہے ۔ شرکا کو 6 ماہ کی انسٹرکٹر کی زیر نگرانی تصدیق شدہ ڈیجیٹل ٹریننگ دی جائے گی۔تربیت کے دوران خواتین کو 5 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ جبکہ 7 ہزار روپے انٹرنیٹ اور ڈیوائس الاؤنس دیا جائے گا تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی ٹریننگ مکمل کر سکیں۔ اس کے علاوہ پروگرام میں کیریئر کونسلنگ، مستقل رہنمائی، فری لانسنگ، ریموٹ ورک اور ای کامرس کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے ، جس سے خواتین مالی خودمختاری حاصل کر سکیں گی۔اہلیت کے مطابق درخواست دینے والی خواتین کے پاس کم از کم 16 سال کی تعلیم ہونی چاہئے ، وہ دیہی پنجاب کی رہائشی ہوں، عمر 21 سے 40 سال کے درمیان ہو اور انٹری ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہوگا۔ اس پروگرام کیلئے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جنوری مقرر کی گئی ہے ۔