شام : امریکا، اتحادی افواج کے داعش پر 90 حملے
کارروائیوں میں 20طیاروں نے حصہ لیا، نقصان کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں حلب سے 400 کرد جنگجو نکال کر 300 شہریوں کو گرفتار کر لیا:شامی حکومت
دمشق،حلب (اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ) امریکی فوج کی سنٹرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا اور اس کی اتحادی افواج نے شام میں داعش کے اہداف پر بڑے پیمانے پر حملے کیے ہیں۔ایکس پر بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ نے سنیچر کے روز ان حملوں کی ہدایت کی تھی۔ سینٹ کام کے مطابق ہمارا پیغام مضبوط ہے ، اگر آپ ہمارے لوگوں کو نقصان پہنچاتے ہیں، تو ہم آپ کو دنیا میں کہیں بھی ڈھونڈیں گے اور مار ڈالیں گے ، چاہے آپ انصاف سے بچنے کی کتنی ہی کوشش کریں۔
سینٹ کام کے ایک اہلکار نے برطانوی جریدے کو بتایا کہ امریکا اور اس کی اتحادی افواج نے ایک آپریشن میں 35 سے زیادہ اہداف پر 90 سے زائد حملے کیے اور ان کارروائیوں میں 20 طیاروں نے حصہ لیا۔حملوں کے مقام اور کسی جانی نقصان کی تفصیلات تاحال ظاہر نہیں کی گئیں۔شامی وزارت داخلہ کے مطابق حکومت نے حلب کے آخری علاقے سے 400 سے زائد کرد جنگجوؤں کو نکال کر 300 کرد شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ کرد فورسز نے جنگجوؤں کی منتقلی کا سبب عالمی ثالثوں کی مداخلت بتایا تاکہ حلب میں کردوں کے خلاف حملے اور حقوق کی پامالی رک سکے ۔یہ کارروائی ایک ہفتہ قبل ہونے والی جھڑپوں کے بعد کی گئی۔