روسی حملے، 24 گھنٹے میں 1090 یوکرینی فوجی ہلاک

روسی حملے، 24 گھنٹے میں 1090 یوکرینی فوجی ہلاک

نیپچون میزائل اور70ڈرون بھی تباہ کیے گئے :روسی وزارت کا دعویٰ یوکرینی افواج نے روسی آئل کمپنی کے 3 ڈرلنگ پلیٹ فارمز کو نشانہ بنایا

ماسکو ،کیف (دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ یوکرین نے گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران خصوصی فوجی آپریشن کے مختلف محاذوں پر تقریباً 1090 فوجیوں، متعدد بکتر بند گاڑیوں، توپ خانے اور دیگر فوجی ساز و سامان کا نقصان 1اٹھایا۔ روسی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ روس کی فوج نے مختلف محاذوں پر اپنے مستقل فضائی، زمینی اور ڈرون حملوں کے ذریعے دشمن کی فوجی تیاریوں کو نشانہ بنایا، شمالی محاذ میں 130 سے زائد فوجی ہلاک اور تین گاڑیاں تباہ ہوئیں، جبکہ مغربی محاذ پر تقریباً 190 فوجی، ایک بکتر بند گاڑی، ایک توپ اور 12 دیگر گاڑیاں تباہ ہوئیں۔

جنوبی محاذ پر 190 سے زائد فوجی ہلاک، نو بکتر بند گاڑیاں، 14 گاڑیاں اور چار توپیں تباہ ہوئیں، مرکزی محاذ پر 410 فوجی، چھ بکتر بند گاڑیاں، آٹھ گاڑیاں اور دو توپیں تباہ ہوئیں، مشرقی محاذ پر 135 سے زائد فوجی، پانچ بکتر بند گاڑیاں، نو گاڑیاں اور ایک توپ تباہ ہوئی، جبکہ دنیپر محاذ پر 35 فوجی، ایک فیلڈ توپ اور چار گاڑیاں ضائع ہوئیں۔ روسی افواج نے یوکرین کی دفاعی صنعت کو توانائی فراہم کرنے والے بنیادی ڈھانچوں، ایندھن کے ڈپو اور عارضی فوجی تعیناتی کے مقامات کو بھی نشانہ بنایا، اس دوران آپریشنل ٹیکٹیکل طیارے ، ہتھیار بردار ڈرون، میزائل اور توپ خانے استعمال ہوئے۔

روس کے فضائی دفاعی نظام نے ایک نیپچون طویل فاصلے کا ہدفی میزائل اور 70 یوکرینی ڈرونز بھی تباہ کیے ، ان کارروائیوں کا مقصد دشمن کی فوجی تیاریوں کو ناکام بنانا اور آپریشنل کنٹرول کو مضبوط کرنا ہے۔ یوکرین کے جنرل سٹاف کے مطابق یوکرینی افواج نے روس کی بڑی آئل کمپنی لوکائیل کے تین ڈرلنگ پلیٹ فارمز کو نشانہ بنایا، جو کیسپین سمندر میں واقع ہیں۔

ان پلیٹ فارمز کا استعمال تیل اور گیس نکالنے کے لیے کیا جاتا ہے ، اور یہ روسی فوج کو ایندھن فراہم کرتے ہیں۔ کیف کے میئر ویٹالی کلیچکو نے کہا کہ شہر کی توانائی کی صورتحال ابھی بھی چیلنجنگ ہے اور آنے والے دنوں میں بھی اس میں بہتری کی توقع نہیں۔ روسی حملوں کے نتیجے میں شہر کے ہزاروں مکانات اب بھی ہیٹنگ سے محروم ہیں۔ روسی حملے کے فوراً بعد تقریباً 6ہزار اپارٹمنٹ عمارتوں میں ہیٹنگ سسٹم ناکام ہو گیا، جو شہر کی مجموعی تعداد کا نصف ہے ،انہوں نے کہا توانائی کی فراہمی کی صورتحال بہت مشکل ہے ، کیونکہ بجلی کی فراہمی ہیٹنگ اور پانی کی فراہمی کے نظام کے لیے ضروری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں