میرپور خاص چیمبر کی بھی آزادکشمیر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی
اسلام آباد(این این آئی)میرپور خاص چیمبر کی بی آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی سامنے آئی ہے ،
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر عمر شہزاد جرال کی قیادت میں جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفد نے وزیراعظم کو میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے میں دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ملاقات کے دوران میرپور اور آزاد جموں و کشمیر میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے مواقع اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے وزیراعظم کو میرپور چیمبر آف کامرس کی سرگرمیوں اور صنعتکاروں کو لاحق مشکلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر میں صنعت و تجارت کے فروغ کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو سازگار ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ معیشت مستحکم ہو اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ میرپور آزاد جموں و کشمیر کا ایک اہم صنعتی اور تجارتی مرکز ہے اور یہاں صنعتوں کے فروغ سے نہ صرف مقامی بلکہ ریاست بھر کی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چیمبرز آف کامرس کے ساتھ قریبی رابطے اور مشاورت کے ذریعے پالیسی سازی کو مزید مؤثر بنائے گی۔فیصل ممتاز راٹھور نے وفد کو یقین دلایا کہ کاروباری برادری کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے اور صنعتی ترقی کے عمل میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔