چین کو سی فوڈ برآمدات 255ملین ڈالر تک پہنچ گئیں
بیجنگ(این این آئی)سال 2025 کے دوران پاکستان کی چین کو سمندری خوراک کی برآمدات میں مسلسل اضافہ جاری رہا اور یہ تقریباً 255 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں،
اس نمو کی بنیادی وجہ منجمد مچھلی، سیفالوپوڈزاور مختلف اقسام کی پروسیس شدہ سمندری مصنوعات کی ساحلی اور اندرونی منڈیوں میں مسلسل طلب رہی۔گوادر پرو کے مطابق چین کی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان کی سمندری خوراک کی برآمدات صرف روایتی منجمد مچھلی تک محدود نہیں رہیں بلکہ فوڈ سروس اور پروسیسنگ انڈسٹریز کی طلب کے باعث اس میں نمایاں تنوع آیا ہے ۔ منجمد مچھلی بدستور سب سے بڑی برآمدی کیٹیگری رہی جس نے چین کو پاکستان کی سمندری غذا کی برآمدات میں تقریباً 64.6 ملین ڈالر کا حصہ ڈالا۔پاکستانی منجمد مچھلی کی درآمدات زیادہ تر چین کے بڑے ساحلی اور شہری داخلی مقامات پر مرکوز رہیں۔ صوبہ گوانگ ڈونگ حجم اور مالیت دونوں کے لحاظ سے سب سے بڑا خریدار رہا۔