ٹی 20 ورلڈ کپ : فیصلہ پاک بنگلہ دیش مفاد میں ہوگا : شہباز شریف:چیئر مین پی سی بی کی وزیراعظم سے ملاقات میں تمام آپشن کھلے رکھنے پر اتفاق،حتمی فیصلہ جمعے یا پیر کو ہوگا
پاکستان ورلڈ کپ کھیلے گا، نہ کھیلا تو رقم نہیں ملے گی،بنگلہ دیش سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج کے دیگر آپشنز موجود، بھارت کیخلاف میچ نہ کھیل کر آئی سی سی ،بھارت کو زیادہ نقصان پہنچا سکتے، ذرائع وزیراعظم کی قیمتی پتھروں کے ذخائر سے متعلق اجلاس میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات میں اضافہ یقینی بنانے ،سینٹرز کے قیام، جدید ٹیکنالوجی و آلات کیلئے تمام صوبوں سے ملکر کام کرنے کی ہدایت
اسلام آباد(اسپورٹس رپورٹر،نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیرِ داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ملاقات کی جس میں محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ پر آئی سی سی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مابین حالیہ صورتحال پر وزیرِ اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی، شہباز شریف نے ہدایت دی کہ معاملے کو تمام دستیاب آپشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے حل کیا جائے ، ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حتمی فیصلہ جمعے یا آئندہ پیر کو کیا جائے گا،وزیراعظم نے کہا ہم وہ فیصلہ کریں گے جو پاکستان اور بنگلہ دیش کے مفاد میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں ضرور شرکت کرے گا تاہم بنگلہ دیش سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج کا کوئی دوسرا آپشن استعمال کیا جائے گا،اگر گرین شرٹس ورلڈکپ میں شرکت نہیں کریں گی تو پاکستان کو نقصان ہو سکتا ہے ،شمولیت کے عوض حاصل ہونے والی رقم بھی نہیں ملے گی، تاہم بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کی صورت میں زیادہ نقصان آئی سی سی اور بھارت کو ہوگا، پاکستان 15فروری کو کولمبو میں بھارت کے میچ کا بائیکاٹ کرسکتا ہے اور بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے سے صرف پاکستان کے 2 پوائنٹ کٹ سکتے ہیں، جبکہ پاکستانی ٹیم کے ورلڈکپ کے میچز میں سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر انڈیا میں کھیلنے سے انکار کیا اور اپنے میچز متبادل وینیو منتقل کرنے کی درخواست کی تھی جو آئی سی سی نے مسترد کرتے ہوئے بنگالی ٹائیگرز کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کردیا اور اس کی جگہ سکاٹ لینڈ کو ٹورنامنٹ میں شامل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا جس کے بعد پاکستان نے بنگلہ دیش کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کا آغاز 7 فروری سے ہونا ہے ، ایونٹ میں پاکستان کے میچز سری لنکا میں شیڈولڈ ہیں۔دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے قیمتی پتھروں اور معدنیات کے فروغ کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پاکستان میں جیم سٹونز کے ذخائر کی استعداد کو بروئے کار لانے اور قیمتی پتھروں کی برآمدات سے قیمتی زرمبادلہ کمانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا ہے کہ جیم سٹون انڈسٹری میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات میں اضافہ یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مجوزہ جیم سٹون سنٹرز کی تعمیر کے لئے بین الاقوامی شہرت کے حامل متعلقہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے اور اسلام آباد جیم سٹون سنٹر کو اگست 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔
وزیر اعظم نے بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے پالیسی فریم ورک پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جیم سٹون انڈسٹری میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات میں اضافہ یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے مجوزہ جیم سٹون سینٹرز میں جدید ٹیکنالوجی اور آلات نصب کرنے اور جیم سٹون انڈسٹری کے فروغ کے حوالے سے تمام صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں سے مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔