لاہور سمیت کئی شہروں میں کریک ڈاؤن،ہزاروں پتنگیں برآمد ،256ملزم گرفتار

  لاہور سمیت کئی شہروں میں  کریک ڈاؤن،ہزاروں  پتنگیں برآمد ،256ملزم گرفتار

لاہور،گوجرانوالہ ، اوکاڑہ (کرائم رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)لاہور سمیت مختلف شہروں میں پولیس کا پتنگ بازوں کیخلاف کریک ڈاؤن،دھاتی ڈور اور ہزاروں پتنگیں برآمد ،256ملزم گرفتارکر لئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق

لاہور میں غیر قانونی پتنگ بازی اور پتنگ سازی کے خلاف کارروائیوں میں 237 ملزموں کو گرفتارکیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق غیر قانونی طور پر پتنگیں تیار کرنے والی 3 فیکٹریوں کوبھی سیل کر دیا گیا،گرفتار ملزموں میں غیر قانونی پتنگوں کی فروخت میں ملوث 17 ملزم بھی شامل ہیں، 257 کے قبضے سے ہزاروں پتنگیں،کیمکل ڈور کی چرخیاں اور ڈوریں برآمد کر لی گئیں ۔ ادھر گوجرانوالہ میں تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے پشاور سے لاہور آنے والی بس سے تقریباً 20 ہزار ممنوعہ پتنگیں،1800 کیمیکل ڈور کی گوٹیں اور چرخیاں برآمد کر لیں جبکہ ڈرائیور سمیت 8 ملزموں کو گرفتارکر لیا۔ اوکاڑہ میں پولیس نے ایک پتنگ باز شاہد ندیم گرفتار کر لیا جبکہ دوسرا اڑتی پتنگ چھوڑ کر فرار ہو گیا ،سینکڑوں پتنگیں اوردرجنوں ڈور کی چرخیاں بھی برآمد کر لی گئیں۔ راولپنڈی پولیس نے بھی مختلف کارروائیوں میں پتنگوں کے 7 سپلائرز کو گرفتار کر کے سینکڑوں پتنگیں اور ڈوریں برآمد کر لیں۔ سرگودھا پولیس نے بھی 900 پتنگیں اور ڈوریں برآمد کر کے 3 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔گرفتار تمام ملزموں کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ 

پتنگ باز ،گرفتار

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں