سونم کو متنازعہ سین والی بالی ووڈ فلمیں ٹھکرانے کا پچھتاوا
ممبئی (آئی این پی) بھارتی پنجابی فلم انڈسٹری کی اداکارہ سونم باجوہ نے بالی ووڈ فلموں کی آفرز ٹھکرانے پر اپنے پچھتاوے کا اظہار کیا ہے ۔
سونم باجوہ نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے بالی ووڈ کی کئی فلموں کی پیشکشیں صرف اس وجہ سے ٹھکرا دیں کیونکہ ان میں بوسے کے مناظر شامل تھے ۔سونم کے مطابق انہیں اس بات کا خوف تھا کہ پنجاب کے ناظرین اور خاص طور پر گھر والے ایسے مناظر کو کس نظر سے دیکھیں گے ۔ سونم باجوہ نے انکشاف کیا کہ فلم کی پیشکشیں ٹھکرانے کے بعد اپنے والدین سے اس حوالے سے بات کی تو ان کا ردعمل توقع کے برعکس تھا،والدین نے انہیں مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ اگر فلم کا تقاضہ ہو تو ایسے مناظر فلمانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔سونم نے افسردگی سے اس بات کا اظہار کیا کہ کاش وہ یہ بات پہلے ہی گھر والوں سے کر لیتیں۔