جنوبی ایشیا کو موسمیاتی تبدیلی کے شدید بحران کاسامنا
لاہور(اے پی پی)سارک چیمبر کے سابق صدر افتخار علی ملک نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی ایشیا موسمیاتی تبدیلی کے شدید بحران کا سامنا کر رہا ہے ،
اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ خطہ دنیا کے خطرناک ترین علاقوں میں تبدیل ہو سکتا ہے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ خطہ اس وقت ایک طرف جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور دوسری طرف ماحولیاتی نازک صورتحال کے درمیان پھنسا ہوا ہے ۔ تھرڈ پول کے گلیشیئر تیزی سے پگھل رہے ہیں جس سے پاکستان اور بھارت آبی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں ،نیپال میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے سے آنے والے سیلاب پہاڑی آبادیوں کیلئے خطرہ بن چکے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کو سمندر کی بلند ہوتی سطح کا سامنا ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ جنوبی اور دیگر ایشیائی ممالک کو فوری طور پر باہمی تعاون کے ذریعے ایک جامع، مربوط اور موثر حکمت عملی تیار کرنا ہوگی تاکہ بڑھتے ہوئے موسمیاتی خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔