پاکستانی نژاد کینیڈین شہری سمیت 2 افراد اغواء
جوہر ٹاؤن کے علاقے میں تاجر رضوان کو ایلیٹ فورس کی گاڑی میں اغواء کیا گیا پاکستانی نژاد کینیڈین شہری حمزہ احمد 13 فروری کو لاہور آیا تھا،ڈیفنس سے لاپتا
لاہور (کرائم رپورٹر )لاہور میں ایک ہی روز اغواء کے دو واقعات ،تاجر اورپاکستانی نژاد کینیڈین شہری کو اغواء کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور سے دن دہاڑے 47 سالہ تاجر محمد رضوان کو جوہر ٹاؤن کے علاقے پنجاب سوسائٹی پی آئی اے روڈ سے اغواء کر لیا گیا جبکہ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایلیٹ پولیس فورس کے یونیفارم میں آئے ملزموں نے تاجر کو گھر کے باہر سے ایلیٹ فورس کی گاڑی میں اغوا کیا، ستوکتلہ پولیس نے مغوی رضوان کے بھائی جاوید کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔
مدعی مقدمہ جاوید کا کہنا ہے کہ اغواء کرنے والا شخص خود کو پی ایس پی افسر بتاتا ہے ،اغواء کے دوران ایلیٹ پولیس کی گاڑیوں کا استعمال کیا گیا ۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کے مطابق مغوی کی تلاش جاری ہے ۔ دوسری طرف پاکستانی نژاد کینیڈین شہری حمزہ احمد ریسرچ ورک کیلئے 13 فروری کو لاہور آیا تھااور ڈیفنس فیز 10 میں اپنے دوست یوسف رشید کے گھر رہائش پذیر تھا ،گزشتہ روز وہ گھر سے باہر نکلا تو اسے نامعلوم افراد نے اغوائکر لیا اور فرار ہو گئے ،پولیس نے یوسف رشید کے بیان پر مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔