علیمہ نے کبھی پارٹی چیئرپرسن بننے کی خواہش نہیں کی :بیرسٹرگوہر
شیر افضل سے مایوسی ہوئی، متنازعہ گفتگو نہ کرنے کاوعدہ لیاتھا: چیئرمین پی ٹی آئی ایسے بیانات کا سبب صدمہ، بڑھاپا اور ذہنی دباؤ :شاندانہ ،علیمہ کے انٹرویو پرردعمل
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے علیمہ خان کے پارٹی چیئرمین شپ مانگنے یا خود چیئرپرسن بننے کی خواہش کے شیر افضل مروت کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ شیر افضل مروت کی ٹی وی گفتگو سے مایوسی ہوئی، شیر افضل سے وعدہ لیا تھا کہ وہ متنازعہ گفتگو نہیں کرینگے ،یہ کوئی طریقہ نہیں کہ کئی چینلز پر بیٹھ کر بیک وقت کسی بھی شخصیت پر اٹیک کیا جائے ،کبھی کبھار جواب نہیں بھی دینا ہوتا۔ میں واضح کردوں کہ علیمہ نے مجھے کبھی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا پیغام نہیں بھیجا اورنہ ہی کبھی ایسا تاثر یا پیغام دیا ہے کہ وہ پارٹی چیئرپرسن بننے کی خواہش مند ہیں ۔ علیمہ نے چیئرمین شپ کے معاملے میں کبھی مداخلت بھی نہیں کی۔ 3 مارچ 2024 کو پارٹی انتخابات ہوئے ،10 اپریل کو الیکشن کمیشن کو ڈاکومنٹس دیئے ،اپریل 2024 میں تو ہم سرٹیفکیٹ کے منتظرتھے ،اس کی گفتگو کا جواز نہیں بنتا،میں سب سے اپنی درخواست دہراتا ہوں کہ مزید متنازعہ گفتگو سے اجتناب کیا جائے ۔دوسری طرف علیمہ خان کے انٹرویو پر تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے پارلیمانی پارٹی واٹس ایپ گروپ میں بغیر نام لیے کہا کہ ایسے بیانات دیکھ رہے ہیں جن کا سبب صدمہ، بڑھاپا اور شدید ذہنی دباؤ ہے ۔ ان خواتین کو اس عمرمیں گھر پر پوتے پوتیوں کے ساتھ ہوناچاہیے ، پارٹی کو 8 فروری پرتوجہ دینے کاکہاگیا اور اسی دن ان کی بسنت کی ویڈیو موجود ہے ۔