ای کامرس کی عملی تربیت فراہم کرنا اہم ضرورت ، حنین ضیاء

ای کامرس کی عملی تربیت فراہم کرنا اہم ضرورت ، حنین ضیاء

مارکیٹ کاحجم 2027تک 12ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کا امکان ہے

کراچی (بزنس ڈیسک)پاکستان یوتھ ای کامرس انٹرپرینیورز کے بانی و صدر حنین ضیاء نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ای کامرس اور آن لائن بزنس کی درست اور عملی تربیت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ خود مختار بن سکیں اور ملک کی معیشت میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹل معیشت کی طرف بڑھ رہی ہے اور پاکستان میں بھی ای کامرس کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے ۔ پاکستان کی ای کامرس مارکیٹ 2025 میں تقریباً 10.4 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے جبکہ اندازہ ہے کہ 2027 تک یہ حجم 12 ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتا ہے ۔حنین ضیاء کے مطابق پاکستان میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد روزگار کے مواقع تلاش کر رہی ہے اور ایسے میں ای کامرس اور آن لائن بزنس نوجوانوں کیلئے آمدنی اور کاروبار کا ایک مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے۔

تاہم انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ بڑھتے ہوئے ٹیکسز، مہنگائی اور پیچیدہ پالیسیوں کی وجہ سے نئے کاروبار شروع کرنا نوجوانوں کیلئے مشکل ہوتا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ای کامرس سے وابستہ نوجوانوں کو دیگر ایشیائی ممالک کے مقابلے میں زیادہ مہنگی لاگت، ٹیکسز اور تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جس کی وجہ سے بہت سے باصلاحیت نوجوان اپنے کاروباری خواب کو حقیقت میں تبدیل نہیں کر پاتے ۔حنین ضیاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں کے لیے آسان کاروباری پالیسیاں، ٹیکس میں سہولت اور عملی تربیتی پروگرامز متعارف کروائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان ای کامرس کے شعبے میں قدم رکھ سکیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں