ڈیجیٹل ٹولز قالینوں کی برآمد بڑھانے کا مؤثر ذریعہ ، اعجاز الرحمان
آن لائن فروخت کیلئے درست معلومات کی فراہمی ناگزیر، چیئر مین سی ٹی آئی
لاہور(آئی این پی )کارپٹ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین اعجاز الرحمان نے کہا کہ مینو فیکچررز اوربرآمد کنندگا ن ڈیجیٹل ٹولز کے ذریعے براہ راست عالمی خریداروں سے روابط قائم کر سکتے ہیں ،دنیا میں بدلتے رجحانات کے تناظر میں ای کامرس اور غیر ملکی خریداروں سے مضبوط روابط کو پاکستانی ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کی پالیسی اصلاحات کا مستقل حصہ بنایا جانا چاہیے تاکہ عالمی مارکیٹوں تک رسائی ممکن ہو سکے ۔اپنے بیان میں اعجاز الرحمان نے کہا کہ ڈیجیٹل تبدیلی کے عمل میں سوشل میڈیا کی حکمت عملی تیار کرنااور ای کامرس پلیٹ فارمز کو بہتر بنانا ایسے اقدامات ہیں جو مینو فیکچررز اور برآمد کنندگان کو اپنی مصنوعات آن لائن فروخت کرنے کے بنیادی مسئلے کا حل فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آن لائن فروخت کرتے وقت مصنوعات کی تمام تفصیلات اور قیمت واضح اور درست ہونی چاہیے کیونکہ خریدار عموماً انہی معلومات کی بنیاد پر خریداری کا فیصلہ کرتے ہیں۔