مذاکرات کی خبر ، تیل کی قیمتیں گرگئیں ،سٹاک مارکیٹس مستحکم

مذاکرات کی خبر ، تیل کی قیمتیں گرگئیں ،سٹاک مارکیٹس مستحکم

برینٹ کروڈ 100ڈالر اور ڈبلیوٹی آئی 85.28ڈالر فی بیرل تک سستا ہوگیا امریکی مارکیٹس میں تیزی، مندی سے آغا زکے بعدایشیا اور یورپ بھی بہتر

 واشنگٹن (اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے بجلی گھروں پر حملے 5 روز کیلئے موخر کرنے اورمذاکرات شروع ہونے کے اعلان کے بعدعالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ عالمی سٹاک مارکیٹس میں تیزی دیکھنے میں آئی ۔تفصیلات کے مطابق ٹرمپ کے اعلان کے بعد برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ کی قیمت 109 ڈالر فی بیرل سے 94 ڈالر پر ا ٓئی تاہم دوبارہ 97 ڈالر سے اوپر چلی گئی، اس وقت برینٹ کروڈ 100 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے ۔

امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیوٹی آئی)کی قیمت بھی 13.5 فیصد تک کم ہونے کے بعد 85.28 ڈالر فی بیرل ہوگئی ۔اس سے قبل امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 100 ڈالر سے بڑھ گئی تھی جب کہ برطانوی برینٹ کروڈ خام تیل کی قیمت 113 ڈالر فی بیرل سے بڑھ گئی تھی۔دوسری طرف عالمی توانائی ایجنسی کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے نتیجے میں کم از کم 40 تیل تنصیبات بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاتح بیرول کے حالیہ بحران 70 کی دہائی کے دونوں بحرانوں سے بڑا کرائسس ہے ، ہرمز بندش سے عالمی معیشت بڑے خطرے میں ہے ، اس بحران سے کوئی ملک بچ نہیں پائے گا، مزید نقصان اور بحران سے بچا ؤ کیلئے ذخیروں سے اضافی تیل مارکیٹ میں لانا ہوگا۔

دوسری طرف امریکی سٹاک فیوچرز میں 2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ یورپ کا سٹاکس 600 انڈیکس پہلے کے نقصانات ختم کرتے ہوئے 0.7 فیصد بڑھ گیا۔ امریکی سٹاک مارکیٹس میں زبردست تیزی دیکھی گئی، جہاں کاروبار کے آغاز کے تقریباً پانچ منٹ بعد وسیع پیمانے پر دیکھا جانے والا ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 1.4 فیصد اضافے کے ساتھ 6596 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔نیسڈیک کمپوزٹ انڈیکس 1.6 فیصد بڑھ کر 21982.16پوائنٹس ہو گیا جبکہ ڈاؤ جونز انڈسٹریل ایوریج 1.4 فیصد اضافے کے ساتھ 46232.45 پوائنٹس پر جا پہنچا۔ایشیا اور یورپ کی سٹاک مارکیٹس نے گزشتہ روز ہفتے کا آغاز شدید مندی سے کیا تھا، تاہم ایشیائی مارکیٹس بند ہونے اور ٹرمپ کے بیان کے بعد یورپی شیئرز میں تیزی آئی تاہم ایرانی میڈیا کی جانب سے مذاکرات کی تردید پر یہ تیزی کچھ کم ہو گئی۔انٹرایکٹو بروکرز سے وابستہ ایک بروکرسٹیو سوسنک نے کہا کہ مارکیٹس کیلئے تفصیلات اہم نہیں ہوتیں بلکہ انہیں ایک مثبت خبر مل گئی ہے جس پر انہوں نے ردعمل دیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں