سونے کی قیمت میں 43 ہزار روپے تولہ کی تاریخی کمی،چاندی بھی سستی

سونے کی قیمت میں 43 ہزار روپے تولہ کی تاریخی کمی،چاندی بھی سستی

تولہ سونا 4 لاکھ 47 ہزار 762 روپے کا ہوگیا، عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 436 ڈالر گرگئی 3 لاکھ 83 ہزار 883 روپے کا 10گرام سونا،تولہ چاندی 800 کی کمی سے 6 ہزار 884 کی ہوگئی

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمی و مقامی مارکیٹوں میں پیر کو سونے کی قیمتوں میں تاریخی کمی دیکھی گئی۔عالمی بلین مارکیٹ  میں سونا 436 ڈالر کی نمایاں کمی سے 4ہزار 250ڈالر فی اونس کا ہوگیا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں نمایاں کمی کے باعث مقامی سطح پر بھی فی تولہ سونا 43 ہزار 600 روپے کی تاریخی کمی سے 4 لاکھ 47 ہزار 762 روپے کا ہوگیا۔اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت  بھی 37 ہزار 380 روپے کی بڑی کمی سے 3 لاکھ 83 ہزار 883 روپے ہوگئی۔سونے کے بھاؤ میں یہ کسی ایک دن کی سب سے بڑی کمی ہے ، فی تولہ سونے کا بھاؤ اپنی بلند ترین سطح سے سوا لاکھ روپے گر چکا ہے ۔

دریں اثنا چاندی کی فی تولہ قیمت 800 روپے کی کمی سے 6 ہزار 884 روپے ہوگئی۔ادھرعالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں پیر کو 2 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی اور یہ تقریباً چار ماہ کی کم ترین سطح پر آگئیں کیونکہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے مہنگائی کے خدشات کو بڑھا دیا اور عالمی سطح پر شرحِ سود میں اضافے کی توقعات کو تقویت دی۔عالمی منڈی میں سپاٹ سلور 3.4 فیصد کمی کے بعد 65.45 ڈالر فی اونس رہ گیا۔ سپاٹ پلاٹینم بھی 3.4 فیصد گر کر 1,857.67 ڈالر پر آ گیا جبکہ پلیڈیم 1,403.10 ڈالر پر مستحکم رہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں