قصور :ٹریفک حادثات،4افراد جاں بحق، 22 زخمی
مرنے والوں میں آفتاب، محسن ،منیر اور افتخار شامل ، زخمی ہسپتال منتقل
قصور، مصطفی آباد(خبرنگار، نامہ نگار)قصور میں مختلف ٹریفک حادثات میں 4افراد جاں بحق، 22 زخمی ہوگئے ۔ راؤ خان والا رائے ونڈ روڈ پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے رکشہ سوار 14 سالہ آفتاب جاں بحق ، جبکہ رمضان بی بی، مریم بی بی، تحریم، نبیہہ، مناہل، حسنین اور ارحا سمیت 7 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسی طرح راجہ جنگ نہر کے قریب دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں 22سالہ محمد محسن دم توڑ گیا، جبکہ احسن، توفیق، دانش اور جنید سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے ۔ ادھن روڈ پتوکی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والا سائیکل سوار منیر احمد لاہور کے ہسپتال میں دوران علاج چل بسا۔مصطفی آباد میں کار کی ٹکر سے 70سالہ چونگی امر سدھو کا رہائشی افتخار احمدجاں بحق ہوگیا۔ افتخار ٹول پلازہ کے قریب سڑک پر کھڑا تھا کہ تیز رفتار کار بے قابو ہوکر اس پر چڑھ دوڑی ،جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جان کی بازی ہار گیا ،پولیس نے ڈرائیور کو پکڑ کرکار کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔ راؤ خان والا بی ایچ یو ہسپتال کے قریب بھی تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں عظیم، جمیل اور امانت زخمی ہوئے ۔