پاکستان کے مستقبل کا تحفظ اولین ترجیح جمہوری اداروں کی مضبوطی کیلئے پرعزم : عسکری قیادت
افواج، عوام اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے متحد ، شہریوں کی فلاح وبہبودکاتحفظ یقینی بنائیں گے :فیلڈ مارشل دہشتگردی کیخلاف داخلی سلامتی کو برقرار رکھا جائے گا،دنیا میں امن کے فروغ کیلئے کوشاں:ایئر و نیول چیفس
راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں)فیلڈمارشل سمیت عسکری قیادت نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد دی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یوم پاکستان پر آرمی چیف، چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قوم کو مبارک باد پیش کی۔ آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ 23 مارچ 1940 کو برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد وطن کی بنیاد رکھی گئی، اور آج بھی یہی دن ایمان، امید اور استقامت کی علامت ہے۔
پاکستان کے مستقبل کا تحفظ اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے ،پاکستان اپنے جمہوری اداروں کومضبوط اورقومی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے ،پاکستان اپنے شہریوں کی فلاح وبہبود کے تحفظ کو یقینی بنائے گا،ملک کو دہشت گردی اورانتہا پسندی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے ، پاکستان کی مسلح افواج، عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحد ہیں۔ مسلح افواجِ پاکستان ہر دم چوکس اور ثابت قدم ہیں، دہشت گردی کے خلاف داخلی سلامتی کو برقرار رکھا جائے گا، پاکستان عالمی برادری کا ایک ذمہ دار اور اصولی رکن ہے ، اور دنیا بھر میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کیلئے کوشاں ہے ، ایک متحد قوم کی حیثیت سے ہم مستقل امید، بے مثال عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔