پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو کم سے کم رکھا جائے : صدر زرداری
صدر سے وفاقی وزراء محسن نقوی ، اور نگزیب،علی پرویز کی ملاقات ، امن و امان، معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال خطے کی صورتحال کے تناظر میں معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے ،صدر کی وزرا کو ہدایت
اسلام آباد،لاڑ کانہ (سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں )صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے بھٹو ہاؤس نو ڈیرو میں ملاقات کی جس میں ملک میں امن و امان، معاشی صورتحال، توانائی کے شعبے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، مرکزی صدر پی پی پی ویمن ونگ فریال تالپور اور صوبائی وزیر سندھ سید ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔
وزیرِ داخلہ نے صدرِ مملکت کو ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں اور سرحدی سلامتی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ پاک افغان کشیدگی اور علاقائی سکیورٹی چیلنجز کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔صدرِ مملکت نے ہدایت کی کہ خطے کی صورتحال کے تناظر میں معاشی پالیسیوں میں عوامی ریلیف کو ترجیح دی جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے بوجھ کو کم سے کم رکھا جائے تاکہ عام آدمی کو سہولت فراہم کی جا سکے ۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے نوڈیرو ہاس لاڑکانہ میں پرچم کشائی بھی کی۔