اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا منفی اختتام،164ارب خسارہ

اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا منفی اختتام،164ارب خسارہ

100 انڈیکس1200پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 51ہزار 707پر بند

کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج کاروباری ہفتے کے آخری روز سرمایہ کاروں کے چھکے چھڑا گئی۔ کاروبار کا آغاز مثبت زون سے تو ہوا مگر دن بھر 100 انڈیکس بدترین مندی کا شکار رہا جس کی بنیادی وجوہات عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کابڑھنا،امریکا اور ایران کے مابین کشیدگی کا شدت اختیار کرنا اور مقامی سطح پر مہنگائی کی نئی لہر سے آئندہ شرح سود میں ممکنہ بڑا اضافہ 100 انڈیکس کو بد ترین تنزلی کا شکار کرگیا ۔100 انڈیکس ٹریڈنگ کا آغاز 133 پوائنٹس اضافے سے 1 لاکھ 53 ہزار 41  کی نفسیاتی حد سے ہوا تھا مگر جنگی حالات کا کسی کروٹ نہ بیٹھنا اور عالمی اسٹاک مارکیٹس کا منفی زون میں داخل ہونا مقامی سطح پر اسٹاک سرمایہ کاروں کا اعتماد متزلزل کرگیا ۔دوران ٹریڈنگ آئل اینڈ گیس ، سیمنٹ ، فارما ، آٹو اور آئی ٹی سیکٹرز کے شیئرز کی فروخت مسلسل ریکارڈ کی گئی جسکے باعث مارکیٹ کا کیپٹل 164ارب روپے گھٹ کر16 ہزار 885 ارب روپے رہ گیا۔کاروبار کے اختتام پر100 انڈیکس1200 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 51 ہزار 707 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 567 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں