لاہور میں سولر نمائش کا بھرپور کامیابی کے ساتھ اختتام

لاہور میں سولر نمائش کا بھرپور کامیابی کے ساتھ اختتام

400 کمپنیوں کی شرکت، جدید ماڈلز اور اسمارٹ سسٹمز پیش کیے گئے پنجاب شمسی توانائی کا مرکز بن سکتا ہے ، فہیم الرحمن سہگل ،سلیم خان

لاہور (بزنس ڈیسک)پاکستان کو متبادل توانائی کی جانب تیزی سے منتقل کرنے کی ایک اہم پیش رفت ثابت ہونے والی تین روزہ سولر پاکستان 2026 نمائش لاہور میں کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی ۔ فیکٹ ایگزیبیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے زیرِ اہتمام اس نمائش 10 مختلف ممالک کی 400 سے زائد نمایاں کمپنیاں شریک ہوئیں، اس کے علاوہ توانائی کے ماہرین، پالیسی ساز اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز بھی شریک ہوئے ۔ اس موقع پر کاروباری طبقے اور عوام کی جانب سے بھرپور دلچسپی دیکھی گئی۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی فہیم الرحمن سہگل (پریذیڈنٹ لاہور چیمبر)تھے ۔ انہوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سولر پاکستان جیسے ایونٹس پنجاب جیسے خطوں میں متبادل توانائی کی صلاحیت کو اجاگر کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں، یہاں سورج کی بھرپور روشنی اور بڑھتی ہوئی آگاہی پنجاب کو متبادل توانائی کے میدان میں قابل ذکر علاقہ بنا سکتی ہے ۔فیکٹ ایگزیبیشنز کے سی ای او سلیم خان تنولی نے کہ سولر پاکستان 2026 ملک کی متبادل توانائی کے سفر میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ اس نمائش کو لاہور میں منعقد کر کے ہم پنجاب کی شمسی صلاحیت کو اجاگر کر رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں جدت اور عملی اقدامات مل کر ایک سرسبز مستقبل کی راہ ہموار کرتے ہیں۔نمائش نے کاروباری مواقع، مختلف کمپنیوں میں شراکت داری اور زمینی سطح پر قابلِ عمل اقدام کے دروازے کھولے ہیں۔نمائش میں اسمارٹ سولر پینلز، ہائبرڈ سسٹمز اور دیہی علاقوں کے لیے جدید متبادل توانائی کے ماڈلز پیش کیے گئے ۔ توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب اور ماحولیاتی چیلنجز کے تناظر میں، سولر پاکستان 2026 نے متبادل توانائی کی طرف فوری منتقلی کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ اس کامیاب ایونٹ نے لاہور کو اختراعات کا ایک ابھرتا ہوا مرکز ثابت کیا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں