سکیورٹی فورسز کا بنوں میں خفیہ اطلاع پر آپریشن، 2 خوارج ہلاک

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں دوران آپریشن بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 2 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 19 اپریل 2026 کو سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں چلنے والی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو خوارج ہلاک ہوگئے، ہلاک خوارج میں رنگ لیڈر وحید اللہ عرف مختیار اور ایک خودکش بمبار شامل تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خوارجی رنگ لیڈر وحید اللہ انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست میں شامل تھا اور متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا، جن میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معصوم شہریوں کی شہادت شامل ہے، وہ 21 فروری 2026 کو بنوں میں ہونے والے خودکش حملے کا بھی مرکزی سہولت کار تھا، جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ آپریشن اس گھناؤنے جرم کا بدلہ ہے اور مرکزی ملزم کو انجام تک پہنچایا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خوارجی عنصر کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، ’عزمِ استحکام‘ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔

صدر مملکت اور وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

دوسری جانب صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے بنوں میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بھارتی پشت پناہی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے اہم دہشت گردوں کی ہلاکت کو سراہا ہے۔

اپنے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خوارجی رنگ لیڈر اور خودکش حملہ آور کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کا آئینہ دار ہے، ایسے وقت میں جب پاکستان اپنی تمام توانائیاں خطے اور عالمی امن کے حصول میں صرف کر رہا ہے اس وقت ہمارے دشمن دہشت گردی کے ذریعے ہماری ان کوششوں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان امن دشمن اور اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنائیں گے، بیرونی مداخلت کی وجہ سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز نے آپریشن میں پیشہ ورانہ مہارت سے خارجی سرغنہ سمیت ایک دہشتگرد کو جہنم واصل کیا، حکومت پاکستان ملک سے دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

محسن نقوی نے 2 انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر ناز ہے، قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں