ای ٹی ایف مارکیٹ کے فروغ کیلئے جامع روڈ میپ جاری

ای ٹی ایف مارکیٹ کے فروغ کیلئے جامع روڈ میپ جاری

سرمایہ کار اب براہِ راست خرید و فروخت کر سکیں گے ،سکیورٹیز ایکسچینج کمیشن

کراچی(بزنس رپورٹر)سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ملک میں ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز مارکیٹ کے فروغ کیلئے جامع روڈ میپ جاری کر دیا ہے جس کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینا اور عام سرمایہ کاروں کے لیے جدید مالیاتی مصنوعات تک رسائی کو آسان بنانا ہے ۔اعلامیے کے مطابق نئے روڈ میپ کے تحت سرمایہ کار اب ای ٹی ایف کی براہِ راست خرید و فروخت کر سکیں گے جبکہ ایسٹ مینجمنٹ کمپنیاں کو ای ٹی ایف فروخت کرنے اور سرمایہ کاروں کے لیے بروکریج اکاؤنٹس کھولنے کی اجازت بھی دی جائے گی۔

مزید برآں سیکیورٹیز بروکرز کو بھی ای ٹی ایف لانچ کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جس سے مارکیٹ میں مسابقت بڑھے گی اور نئی پراڈکٹس متعارف ہوں گی۔روڈ میپ کے تحت والنٹری پنشن سسٹم میں کم لاگت والے ای ٹی ایف آپشنز شامل کیے جائینگے تاکہ طویل مدتی سرمایہ کاری کرنے والے افراد کو کم فیس میں بہتر منافع کے مواقع میسر آ سکیں۔ اس کے علاوہ ایسیٹ مینجمنٹ کمپنیاں اپنی فیس ڈسٹری بیوشن بروکرز کے ساتھ شیئر کر سکیں گی۔ایس ای سی پی کے مطابق ای ٹی ایف کے اجرا کی لاگت میں کمی لا کر سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنایا جائے گا جبکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے ان فنڈز تک رسائی کو بھی ممکن بنایا جائے گا تاکہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرمایہ کاروں کی شمولیت میں اضافہ ہو سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں