ٹرمپ نے قاتلانہ حملے کا ڈرامہ رچایا :سازشی نظر یات پھیلنے لگے

 ٹرمپ نے قاتلانہ حملے کا ڈرامہ رچایا :سازشی نظر یات پھیلنے لگے

مقصد غیر مقبول ایران جنگ سے توجہ ہٹانا تھا :صرف دو روز میں 8 کروڑ ویوز حملہ آور کے اسرائیلی فوج سے تعلقات تھے :روسی اور ایرانی میڈیا کا دعویٰ

 واشنگٹن (اے ایف پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے فائرنگ سے محفوظ نکل آنے کے بعد آن لائن سازشی نظریات کا طوفان پھیل گیا، جس سے ایک بار پھر یہ دعوے سامنے آئے کہ وہ اپنے سیاسی فائدے کیلئے خود پر ہونیوالے قاتلانہ حملوں کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر متعدد پوسٹس ٹرمپ مخالف اکاؤنٹس سے پھیلائی گئیں، جن میں یہ غیر مصدقہ نظریہ پیش کیا گیا کہ وائٹ ہاؤس نے یہ واقعہ خود  ڈرامہ کیا تاکہ غیر مقبول امریکااسرائیل ایران جنگ سے توجہ ہٹائی جا سکے ۔ڈیٹا کے مطابق ان دعوؤں پر مبنی پوسٹس نے صرف دو دن میں ایلون مسک کے پلیٹ فارم ایکسپر 8 کروڑ ویوز حاصل کیے ۔انہی میں سے کئی اکاؤنٹس پہلے بھی یہ دعویٰ کر چکے ہیں کہ 2024 میں ٹرمپ پر ہونیوالے دو قاتلانہ حملے (پنسلوانیا اور فلوریڈا میں)بھی جعلی تھے ۔یہ بیانیہ زیادہ تر بائیں بازو کی سازشی تحریک سے منسلک ہے جسے محققین بلو اینون کہتے ہیں، جو دائیں بازو کی سازشی تحریک کیو اینون کے نام پر طنزیہ طور پر رکھا گیا ہے ۔

حملے کے بعد امریکا مخالف ممالک روس اور ایران کے سرکاری میڈیا نے بھی مزید سازشی نظریات کو بڑھاوا دیاجن میں یہ دعویٰ بھی شامل تھا کہ حملہ آور کے اسرائیلی فوج سے تعلقات تھے ۔گزشتہ چند ہفتوں میں، MAGA (ٹرمپ کے Make America Great Againنعرے سے وابستہ)اثر و رسوخ رکھنے والے افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد نے بھی یہ سازشی نظریہ پھیلایا ہے کہ ٹرمپ نے 2024 میں پنسلوانیا کی انتخابی ریلی میں قاتلانہ کی کوشش خود رچائی۔محققین کے مطابق یہ رجحان اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ امریکا میں دونوں سیاسی اطراف کے لوگ بھی غیر معمولی سازشی نظریات کی طرف مائل ہیں کیونکہ بہت سے لوگ مرکزی دھارے کے میڈیا پر اعتماد کم ہونے سے معلومات کیلئے سیاسی جھکاؤ رکھنے والے اثر و رسوخ رکھنے والوں پر انحصار کرتے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں