جڑانوالہ :ریٹائرڈ ایس پی کی فائرنگ، باپ ،بیٹا اور تایا قتل

جڑانوالہ :ریٹائرڈ ایس پی کی فائرنگ، باپ ،بیٹا اور تایا قتل

مویشی فصلوں میں داخل ہونے پر فاروق ہندل کی ناصر وغیرہ سے تلخ کلامی ہوگئی ناصر شیرا، 21سالہ بیٹا امتیاز اوربڑا بھائی جعفر گولیاں لگنے سے موقع پر دم توڑگئے

 جڑانوالہ ،بچیانہ(نمائندگان دنیا)فصلوں میں مویشی داخل ہونے پر معمولی تلخ کلامی، زمیندار (ریٹائرڈ ایس پی )نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے باپ ،بیٹے اور تایا کو قتل کردیا،پولیس نے تہرے قتل کے الزام میں ریٹائر ایس پی اور اس کے بھتیجے کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ لنڈیانوالہ کے علاقہ چک نمبر651گ ب اضافی آبادی میں گزشتہ شام ناصر شیرا اپنے 21سالہ بیٹے امتیاز اوربڑے بھائی 60سالہ جعفر کے ہمراہ کھیتوں میں مال مویشی چرا رہا تھا کہ اس دوران مبینہ طور پر وہاں موجود ریٹائرڈ ایس پی فاروق ہندل اور اس کے بھتیجے نے انہیں مویشی فصل سے نکالنے کا کہا جس پر دونوں فریقین کے مابین تو تکرار شروع ہوگئی ۔ مبینہ طور پر ریٹائرڈ ایس پی اور اس کے بھتیجے نے فائرنگ شروع کردی جس کی زد میں آکر ناصر اور اس کا بیٹا امتیاز موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 60سالہ جعفر شدید زخمی ہوگیا اوربعدازاں ہسپتال منتقلی کے دوران وہ بھی دم توڑ گیا۔ اطلاع ملنے پر ایس پی جڑانوالہ، ڈی ایس پی، ایس ایچ او لنڈیانوالہ اور ایس ایچ او تھانہ بچیانہ بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے ،پولیس نے لاشوں کو قبضہ میں لے کر ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا۔ تہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کے بعد گاؤں میں خوف و ہراس پھیل گیا، سی پی او فیصل آباد حافظ بلال عمر نے ایس پی جڑانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے وقوعہ کے ملزم ریٹائرڈ ایس پی فاروق ہندل اور اس کے بھتیجے کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں