لاہور ،شیخوپورہ ،ساہیوال،فیصل آباد میں مبینہ مقابلے ،13ملزم ہلاک
سندر،اقبال ٹاؤن اورڈیفنس میں عالم شیر،ہاشم ،بلال عرف موٹا، دانش ،بشیر اوڈھ اور عبد الغفور مارے گئے ونڈالہ ناصر، مرزا ورکاں ، چیچو کی ملیاں ، 112/9ایل ،سید والہ ،جھنگ روڈ چوہلہ پل پر7ملزم ہلاک،2اہلکارزخمی
لاہور،شیخوپورہ ،مریدکے ،جڑانوالہ ،ٹھیکریوالہ ،ساہیوال،اوکاڑہ (کرائم رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر، نمائندگان دنیا،خبرنگار)لاہور،شیخوپورہ ،ساہیوال اورفیصل آباد کے علاقوں میں مبینہ مقابلوں میں 2منشیات فروشوں سمیت 13ملزم ہلاک ا ور2کانسٹیبل زخمی ہو گئے ،بتایاگیاہے کہ لاہور کے علاقے سندرمیں سی سی ڈی چوہنگ کی ٹیم زیرحراست ملزموں عالم شیر اور ہاشم کو ریکوری کیلئے لے جارہی تھی کہ اسی دوران انکے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی اور جوابی کارروائی میں دونوں ملزم ہلاک ہو گئے جبکہ پولیس کانسٹیبل تصور میو اور نامدار زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، اسکے علاوہ سی سی ڈی اقبال ٹاؤن کے مقابلے میں زیرحراست ملزم بلال عرف موٹااور دانش ہلاک ہوگئے۔
جو متعدد وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ ڈیفنس کے علاقے میں سی سی ڈی نے ناکہ بندی کے دوران تین موٹر سائیکل سواروں کو روکا توملزموں نے پولیس پر فائرنگ کردی اورجوابی کارروائی میں دو ملزم بشیر اوڈھ اور عبد الغفور مارے گئے جن کا تعلق بوریوالہ سے ہے ۔ علاوہ ازیں سی سی ڈی شیخوپورہ کی ٹیم نے آر او ڈاکٹر عبدالحنان کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے دومنشیات فروش اورایک ڈاکوکومارڈالا،پولیس کے مطابق مقابلے ونڈالہ ناصر، مرزا ورکاں روڈ، چیچو کی ملیاں میں اس وقت ہوئے جب سی سی ڈی ٹیم نے مشتبہ ملزموں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزموں نے فائرنگ شروع کر دی ،جوابی کارروائی میں تینوں ملزم غلام مرتضیٰ سکنہ شرقپور خورد، طارق سکنہ جنڈیالہ شیر خان اور زین سکنہ برج اٹاری مارے گئے ، پولیس کے مطابق تینوں ملزم مختلف تھانوں کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب اور ریکارڈ یافتہ تھے ۔ادھر ساہیوال کے تھانہ ڈیرہ رحیم کی حدود میں نواحی گاؤں112/9-ایل کے قریب سی سی ڈی کاڈاکوؤں کے ساتھ مقابلہ ہوا جس میں2ڈاکو ندیم عرف دیمی اور اﷲدتہ مارے گئے جو مختلف مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھے جبکہ ان کے دوساتھی فرارہوگئے ۔
دریں اثنافیصل آباد میں سی سی ڈی جڑانوالہ کی ٹیم نے سید والہ روڈ پر ناکے پر 2 مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا توانہوں نے رکنے کی بجائے پولیس پر فائرنگ کر دی اور موٹر سائیکل چھوڑ کر بھاگ نکلے ،تعاقب کے بعد حمادکے چک کے قریب انکو گھیر لیا گیاجہاں پر دو طرفہ فائرنگ کے بعد سی سی ڈی ٹیم نے ایک ملزم شاہد سکنہ 378 گ ب کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اسکا ساتھی فرار ہو گیا ، زخمی ڈاکو کو ہسپتال منتقل کیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا ۔ ہلاک ملزم ڈکیتی چوری اور راہزنی کے 15 مقدمات کا ریکارڈ یافتہ ملزم تھا جبکہ تھانہ ائیر پورٹ کے علاقہ میں سی سی ڈی اقبال ڈویژن نے جھنگ روڈ چوہلہ پل کے قریب موٹر سائیکل سوار تین مشکوک افراد کو روکنا چاہا تو ملزموں نے فائرنگ کردی،اطلاع ملتے ہی سی سی ڈی لائلپور ڈویژن کی ٹیم بھی پہنچ گئی اور دوطرفہ فائرنگ کے دوران منشیات فروشی،اقدام قتل اورراہزنی کے مقدمات میں ملوث ملزم فاروق عرف فاروقی سکنہ نیو سول لائن زخمی حالت میں پکڑاگیااور ہسپتال میں دم توڑگیا۔ دوسری طرف اوکاڑہ میں تھانہ طیب سعید کی حدود چک نمبر 29 ٹو آر کے قریب تین ڈاکو شہری سلیم سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو ئے تو پولیس نے تعاقب کیا ،فائرنگ کے دوران 56مقدمات میں ریکارڈیافتہ ملزم خالد محمود زخمی حالت میں پکڑاگیاجبکہ تھانہ شاہبھور کی حدود پل چک نمبر 33 فور ایل کے دو ڈاکو شہری وقار یونس سے واردات کے بعد بھاگے اور پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں38 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو فیاض زخمی حالت میں پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔