سخت مانیٹری پالیسی معاشی رفتار کو مزید سست کر سکتی، احمد چنائے

سخت مانیٹری پالیسی معاشی رفتار کو مزید سست کر سکتی، احمد چنائے

زمینی حقائق کو مدنظر رکھ کرمتوازن اور مشاورتی حکمت عملی اپنائی جائے ،بیان

کراچی (بزنس رپورٹر)چیئرمین، پاکستان کلاتھ مرچنٹس ایسوسی ایشن اور چیئرمین، یونائیٹڈ بزنس گروپ کراچی احمد چنائے نے کہا ہے کہ پالیسی ریٹ میں اضافہ کاروباری برادری کیلئے شدید تشویش کا باعث ہے ، خصوصاً ایسے وقت میں جب تجارتی اور صنعتی شعبے پہلے ہی مالی دباؤ کا شکار ہیں، اگرچہ ہم مہنگائی پر قابو پانے کی ضرورت کو تسلیم کرتے ہیں لیکن اس قدر سخت مانیٹری پالیسی معیشت کی رفتار کو مزید سست کر سکتی ہے جو موجودہ حالات میں ملک کے مفاد میں نہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ شرح سود میں اضافے سے کاروبار کرنے کی لاگت نمایاں طور پر بڑھ جاتی ہے جس کے باعث تاجروں،برآمد کنندگان اور صنعتکاروں کے لیے ورکنگ کیپٹل حاصل کرنا اور اپنے کاروبار کو جاری رکھنا مشکل ہو جاتا ہے ،اس فیصلے سے نہ صرف نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی ہوگی بلکہ بہت سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار بند ہونے یا سکڑنے پر مجبور ہو سکتے ہیں جس سے روزگار اور معاشی استحکام متاثر ہوگا ۔ احمد چنائے نے کہا کہ پالیسی سازوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک متوازن اور مشاورتی حکمت عملی اپنائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں