اپریل کا آخری ہفتہ، اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان غالب رہا
انڈیکس میں ایک ہفتے کے دوران 7677پوائنٹس کی کمی، 4.5فیصد تنزلی رہی مارکیٹ میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ، انڈیکس 10,915پوائنٹس کے بینڈ میں رہا
کراچی(کامرس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں اپریل کے آخری کاروباری ہفتے مندی کارجحان غالب رہاجہاں بینچ مارک 100انڈیکس نمایاں کمی کے ساتھ بند ہوا، ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 100انڈیکس 7,677 پوائنٹس کمی کے بعد 4.50 فیصد تنزلی سے 162,994 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، جو سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کی عکاسی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہفتے کے دوران مارکیٹ میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا اور 100 انڈیکس مجموعی 10,915 پوائنٹس کے وسیع بینڈ میں ٹریڈ کرتا رہا، اس دوران انڈیکس کی بلند ترین سطح 171,306 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 160,391 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی، کاروباری حجم کے لحاظ سے بھی سرگرمی نمایاں رہی، جہاں 143ارب روپے کے 3 ارب 19 کروڑ سے زائد حصص کا لین دین ہوا، تاہم مارکیٹ کی مجموعی قدر یعنی مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں نمایاں کمی دیکھی گئی اور یہ 854 ارب روپے کم ہو کر 18ہزار 22ارب روپے تک محدود ہوگئی۔ ماہرین کے مطابق جغرافیائی کشیدگی اور مقامی سطح پر پالیسی سے متعلق غیر یقینی عوامل نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا، جسکے باعث فروخت کا دباؤ بڑھااس کے باوجود تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں بنیادی اشاریے اب بھی مضبوط ہیں۔