شہباز شریف ، محسن نقوی ملاقات، سکیورٹی صورتحال پر گفتگو
وزیراعظم کی پی ایس ایل فائنل میچ کیلئے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت بجلی چوری پرکریک ڈاؤن تیز،لائن لاسز کم کریں :شہباز ،اجلاس سے خطاب
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف سے گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی اور ملک میں سکیورٹی صورتحال اور اس حوالے سے امن و امان کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو لاہور میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کے انعقاد کے حوالے سے سکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایس ایل کے فائنل میچ کیلئے کھلاڑیوں، شائقین اور دیگر شہریوں کیلئے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔
بعدازاں وزیراعظم کی زیر صدارت توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس میں گھریلو صارفین اور صنعت کیلئے بجلی کی کھپت سے متعلق سفارشات پیش کی گئیں۔ شہباز شریف نے بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری کے ذریعے لائن لاسز میں نمایاں کمی لانے اور بجلی چوری کے خاتمے کیلئے سخت اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے پر زور دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صنعتی اور گھریلو صارفین کیلئے سہولیات پیدا کرنے کے اقدامات کئے جائیں، بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری لا کر لائن لاسز میں واضح کمی لائی جائے اور ملک میں توانائی کی کمی پوری کرنے کیلئے قابلِ تجدید توانائی منصوبوں کو فروغ دیا جائے۔
شہبازشریف نے ملاقات کرنیوالے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ احمد حسان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایران امریکا جنگ میں پاکستان کے ثالثی کردار نے لاکھوں انسانی جانوں کو بچایا،خدا نے دنیا میں پاکستان کا مقام بلند کردیا ۔وزیر اعظم نے علی الزیدی کو عراق کا وزیراعظم نامزد ہونے پر مبارکباد دی اورایکس پیغام میں کہاکہ وہ اپنے بھائی علی الزیدی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔پاکستان نئی عراقی حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے فروغ کیلئے کام کرنے کا خواہاں ہے۔