مریم نواز نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دے دی

مریم نواز نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دے دی

گکھڑ تا ایمن آباد31 کلومیٹر ماس ٹرانزٹ سسٹم کی تکمیل کیلئے 1سال مدت مقرر ،24اسٹیشن بنیں گے شہر کا ٹرانسپورٹ کلچر بدل جائیگا،گوجرانوالہ کے شہریوں کو ایک شاندار سسٹم کا تحفہ دیں گے :وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے ڈیزائن کی منظوری دے دی اورگوجرانوالہ کے ہر علاقے کو فیڈر بس کے ذریعے میٹرو ٹرین سے منسلک کرنے کا حکم دیدیا ہے ۔ٹریفک کی آسانی کے لئے گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم میں دو ٹنل سیکشن بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے ،17 سے 19 کلومیٹر  گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ ٹرین انڈرگراؤنڈ گزارنے کی اصولی منظوری دی گئی ہے ۔گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم میں ہر اسٹیشن اور ڈپو پر سولر سسٹم بھی لگایا جائے گا۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایاگیا کہ گوجرانوالہ میں 26 لاکھ مسافروں کے سفر کی گنجائش کیلئے ماس ٹرانزٹ سسٹم قائم ہوگا،گکھڑ تا ایمن آباد31اعشاریہ5 کلومیٹر طویل گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کی تکمیل کے لئے 12 ماہ کی مدت مقررکردی گئی ہے -گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم میں 24 اسٹیشن بنیں گے ، دوا سٹیشن انڈر گراؤنڈ ہوں گے ،گرجاکھ، چن دا قلعہ، گوندلا نوالہ میں ماس ٹرانزٹ سسٹم ڈپو قائم ہوں گے ،گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کے دونوں اطراف 62 کلومیٹر طویل ڈرین بھی بنے گی۔ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم کاباقاعدہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر بھی قائم ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاہے کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ سسٹم بننے سے شہر کا ٹرانسپورٹ کلچر بدل جائے گا،گوجرانولہ کے شہریوں کو ایک شاندار ٹرانسپورٹ سسٹم کا تحفہ دیں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں