گیس مہنگی کرنیکی تجویز صنعتی بقاکیلئے مسترد کی جائے ، تاجر رہنما
سوئی سدرن کے مجوزہ اضافے کی تجویز پرکراچی چیمبر کی قیادت کا اظہار تشویش اضافے سے قیمت 6,855روپے ایم ایم بی ٹی یوہوگی، زبیر موتی والا، ریحان حنیف
کراچی(کامرس رپورٹر)بزنس مین گروپ کے چیئرمین زبیر موتی والا اور کراچی چیمبر کے صدر محمد ریحان حنیف نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی اوگرا کو جمع مالی سال27-2026 کیلئے گیس ٹیرف میں نمایاں اضافے کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ صنعتی بقا کے مفاد میں تجویز کو مسترد کیا جائے ۔ کے سی سی آئی کی قیادت نے شدید تشویش کا اظہار کیا کہ جمع 545 ارب روپے سے زائد کے خساروں کو شامل کرنے کے بعد مؤثر اضافہ خطرناک حد تک 286 فیصد تک پہنچ جاتا ہے جس کے نتیجے میں گیس کی مقررہ قیمت تقریباً 6,855 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک جا پہنچتی ہے اور مجموعی ریونیو کی ضرورت تقریباً 1.28 کھرب روپے تک بڑھ جاتی ہے ۔ انہوں نے اس مطالبے کو مکمل طور پر بلاجواز اور غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر اسے علیحدہ طور پر بھی دیکھا جائے تو وئی سدرن کی جانب سے 121 فیصد اضافے کی درخواست جس کے تحت قیمت تقریباً 3,935 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے ، سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کی جانب سے مانگے گئے 21 فیصد اضافے کے مقابلے میں غیر متناسب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ درخواست درحقیقت گیس ٹیرف کو سروس کی حقیقی لاگت کے بجائے ماضی کی مالی بدانتظامیوں کی وصولی کا ذریعہ بنا رہی ہے ۔ اگر قیمتوں میں اضافہ محض مالی اور انتظامی ناکامیوں کو پورا کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے تو یہ ایک غلط حکمت عملی ہے جو صنعتی زوال کو مزید تیز کریگی اور موجودہ رجحان واضح طور پر ڈی انڈسٹریلائزیشن کی طرف جا رہا ہے۔