عالمی معاشی دباؤ، جغرافیائی کشیدگی کے باوجود کیپٹل مارکیٹ مستحکم
نئے سرمایہ کاری مواقع، سروس لانگ مارچ ٹائرز کیلئے آئی پی اوکی منظوری دیدی گئی 75 فیصد حصص ادارہ جاتی، ہائی نیٹ ورتھ سرمایہ کاروں کیلئے مختص، سکیورٹیز ایکسچینج
کراچی(کامرس رپورٹر)عالمی معاشی دباؤ اور جغرافیائی کشیدگی کے باوجود کیپٹل مارکیٹ نے استحکام کا مظاہرہ کیا، سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع بھی سامنے آ رہے ہیں۔ سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملک میں ابتدائی عوامی پیشکشوں کا سلسلہ جاری ہے اور حال ہی میں سروس لانگ مارچ ٹائرز کے آئی پی او کی منظوری دی گئی۔ ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آئی پی اوز کی مجموعی تعداد 12 تک پہنچ چکی ہے ، منظور شدہ آئی پی او کے تحت سروس لانگ مارچ ٹائرز کمپنی کے 38 کروڑ 97 لاکھ سے زائد حصص فروخت کیلئے پیش کیے جائینگے ، کمپنی ٹرکوں اور بسوں کیلئے ریڈیل ٹائرتیار کرتی ہے ۔ ایس ای سی پی کے مطابق یہ آئی پی او بک بلڈنگ طریقہ کار کے تحت مکمل کیا جائیگا، جس میں 75 فیصد حصص ادارہ جاتی اور ہائی نیٹ ورتھ سرمایہ کاروں کیلئے مختص ہونگے ، جبکہ باقی 25 فیصد ریٹیل سرمایہ کاروں کو پیش کیے جائینگے ، ایس ای سی پی نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے بینچ مارک کے ایس ای100 انڈیکس میں 14.54 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم مقامی سرمایہ کاروں کی بھرپور شرکت نے مارکیٹ کے اعتماد کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا اسٹاک ماہرین کے مطابق نئے آئی پی اوز کی آمد اور مقامی سرمایہ کاروں کی سرگرمی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ بتدریج مضبوط بنیادوں پر استوار ہورہی ہے۔