اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کے دوران انڈیکس 4.98فیصد بڑھا
عالمی منڈی میں تیل سستا، امریکہ ایران ممکنہ معاہدہ اثرانداز، مارکیٹ میں غیر معمولی تیزی ہفتے میں انڈیکس 8ہزار 121پوائنٹس بڑھا، 4ارب 36کروڑ سے زائد شیئرز کے سودے
کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوران غیرمعمولی تیزی دیکھی گئی، بینچ مارک کے ایس ای100انڈیکس 4.98فیصد اضافے کے ساتھ بلند سطح پر بند ہوا سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری، عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور امریکا ایران معاہدے سے متعلق مثبت توقعات نے مارکیٹ کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہفتہ وار اعدادوشمار کے مطابق 100 انڈیکس ایک ہفتے میں 8ہزار 121پوائنٹس اضافے سے 1 لاکھ 71ہزار 115 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری ہفتے کے دوران انڈیکس 10 ہزار 741 پوائنٹس کے وسیع بینڈ میں رہا جبکہ مارکیٹ کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 73 ہزار274 اور کم ترین سطح 1 لاکھ 62 ہزار 532 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی، مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی کے باعث ہفتے بھر میں 4ارب 36 کروڑ سے زائد شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مجموعی مالیت 210ارب روپے رہی، تیزی کے باعث مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا اورایک ہفتے کے دوران سرمایہ کاروں کی دولت میں 880ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے رجحان اور خطے میں ممکنہ جغرافیائی کشیدگی میں کمی کی توقعات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مضبوط کیامارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے سے عالمی توانائی مارکیٹ میں استحکام کی امید پیدا ہوئی ہے جبکہ پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں نے بھی بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ کیا۔