وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں

وزیرداخلہ محسن نقوی کی سعودی قیادت سے اہم ملاقاتیں

سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعودسے تعاون اور سکیورٹی پر تبادلہ خیال سیکرٹری رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹرمحمد بن عبدالکریم سے حج امور پر تفصیلی بات چیت

مکہ مکرمہ ، ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اور اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی تعلقات، سکیورٹی تعاون اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کے ہیڈکوارٹر زمیں ملاقات کے دوران محسن نقوی نے اسلامی شعور و بیداری کیلئے رابطہ عالم اسلامی کی خدمات کو سراہا اور حجاج کرام کیلئے بہترین انتظامات پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب تاریخی اسلامی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ریاض میں سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور داخلی سکیورٹی، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر گفتگو کی۔ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کے سپیشل ڈپلومیٹک پروٹیکشن یونٹ کے 200 اہلکاروں کو سعودی عرب میں تربیت دی جائے گی جبکہ سعودی وزارت داخلہ کا اعلیٰ سطح وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔سعودی وزیر داخلہ نے علاقائی کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا جبکہ محسن نقوی نے حج کے دوران مثالی انتظامات پر سعودی حکومت کی تعریف کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں