ہوزری مینوفیکچرز کی برآمدات میں اضافے کیلئے ہنگامی تجاویز پیش

ہوزری مینوفیکچرز کی برآمدات میں اضافے کیلئے ہنگامی تجاویز پیش

امریکی ٹیرف، بھارت یورپی یونین مجوزہ معاہدہ ملکی برآمدات کیلئے بڑا خطرہ، سرپرست ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن اسکیم، فکسڈ ٹیکس بحال، سپر ٹیکس رجیم ختم کیا جائے ، جاوید بلوانی

کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان ہوزری مینوفیکچرز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (پی ایچ ایم اے ) نے وفاقی بجٹ 27-2026 اور ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے حکومت کو ہنگامی نوعیت کی تجاویز پیش کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خطے میں جنگی صورتحال، نئے امریکی ٹیرف اور مجوزہ بھارت یورپی یونین فری ٹریڈ معاہدہ ملکی ٹیکسٹائل برآمدات کیلئے بڑا خطرہ بن سکتا ہے ، سرپرست اعلیٰ اور سابق چیئرمین محمد جاوید بلوانی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا کو ارسال کردہ مراسلے میں حکومت سے فوری پالیسی اصلاحات اور برآمدی صنعت کیلئے خصوصی ریلیف پیکیج کا مطالبہ کیا ہے ، پی ایچ ایم اے کی اہم بجٹ تجاویز کے مطابق برآمدکنندگان کیلئے ایک فیصد ٹرن اوور ٹیکس کے ساتھ فکسڈ، فائنل ٹیکس رجیم بحال، ایکسپورٹس پر عائد سپر ٹیکس فوری ختم، ایکسپورٹ فیسیلی ٹیشن اسکیم کو 2021 کی اصل شکل میں بحال کیا جائے ۔ علاوہ ازیں درآمدی ڈیوٹیز اور ٹیکسز کے تعین کیلئے سی اینڈ ایف کے بجائے ایف او بی ویلیو کو بنیاد بنایا جائے ، تاکہ فریٹ لاگت پر اضافی ٹیکس ختم ہوسکے انہوں نے کہا کہ پاکستانی صنعت خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں مہنگی بجلی اور گیس کے باعث غیر مسابقتی ہوچکی، لہٰذا برآمدی صنعت کو بجلی 8سینٹ فی یونٹ فراہم اور گیس قیمت 7 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی جائے۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ برآمدات ہی معیشت کو سہارا دینے کا ذریعہ ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں