روئی کے بھاؤ میں تیزی،نرخ 23ہزارروپے من ریکارڈ
اسٹاک محدود ہونے سے کاروباری حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ، ذرائع
کراچی(این این آئی)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے روئی کے بھاؤ میں تیزی کا رجحان برقرار رہا جبکہ روئی کا اسٹاک نہایت محدود ہونے کے باعث کاروباری حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق کوالٹی اور پیمنٹ کنڈیشن کے حساب سے روئی کی قیمت 19 ہزار 500 روپے سے 23 ہزار روپے فی من تک ریکارڈ کی گئی جبکہ نئی فصل کی اگتی روئی کے وعدے کے جزوی سودے بھی شروع ہو گئے ہیں۔مارکیٹ میں 20 سے 30 مئی کی ڈلیوری پر نئی روئی کے وعدے کی قیمت 21 ہزار 750 روپے فی من جبکہ 40 کلو پھٹی کا بھاؤ 10 ہزار روپے طے پایا۔
ماہرین کے مطابق جون سے نئی فصل کی آمد شروع ہونے کی توقع ہے اور ابتدائی مرحلے میں قیمتیں مزید بلند رہ سکتی ہیں۔چیئرمین کاٹن بروکرز فورم نسیم عثمان کے مطابق ملک میں کپاس کی مسلسل کم ہوتی پیداوار نہ صرف کاشتکاروں بلکہ ٹیکسٹائل صنعت کے لیے بھی خطرے کی علامت بن چکی ہے ، ان کے مطابق کپاس کے روایتی علاقوں میں شوگر ملوں کے قیام اور گنے کی کاشت میں اضافے سے وائٹ گولڈ کی فصل تیزی سے سکڑ رہی ہے۔