اسٹاک ایکسچینج :کاروباری ہفتے کا مثبت آغاز،5حدیں بحال
منافع بخش شعبے متحرک،4639 پوائنٹس بڑھ کرانڈیکس 177039پر بند 6.12ارب روپے منافع،تیزی کے سبب 70فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کا زبردست تیزی کے ساتھ ہوا جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس کی 1لاکھ 73ہزار، 1لاکھ 74 ہزار ، 1لاکھ 75ہزار، 1لاکھ 76ہزار اور 1لاکھ 77ہزار پوائنٹس کی پانچ حدیں بحال ہوگئیں ۔تیزی کے سبب 70فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ حصص کی مالیت 6کھرب 12ارب روپے بڑھ گئی۔ امریکا ایران معاہدے ، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی اور کارپوریٹ سیکٹر کو بجٹ میں ملنے والا ریلیف کاروبار کے آغاز سے اختتام تک زبردست تیزی کا سبب رہا۔ دن بھر بینکنگ، سیمنٹ،آئل اینڈ گیس سمیت دیگر سیکٹرز میں سرمایہ کاری کا رجحان برقرار رہا ،اسی تناظر میں دوران ٹریڈنگ ایک موقع پر 4776پوائنٹس کی تیزی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں فوری منافع کے حصول پر رحجان غالب ہونے سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی ۔کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100 انڈیکس 4639پوائنٹس کے اضافے سے 177039 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30انڈیکس 1462پوائنٹس کے اضافے سے 52890 پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 2511 پوائنٹس کے اضافے سے 106439پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم 11فیصد زائد رہا ۔گزشتہ روز 98کروڑ 80لاکھ حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 494 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 346 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 119 میں کمی اور 26 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔