امن و استحکام کیلئے حکومتی کاوشیں قابلِ تحسین ، پاک افغان چیمبر
معاشی ترقی اور تجارت کے فروغ کے لئے امن بنیادی شرط ، زبیر موتی والا
کراچی(بزنس رپورٹر)پاک،افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے خطے میں امن، سفارتی کوششوں اور پاک افغان تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے اعلیٰ سطح قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ علاقائی غیر یقینی صورتحال میں معاشی استحکام کا انحصار امن، مؤثر سفارت کاری اور سرحدی تجارت کے تسلسل پر ہے۔ پاک افغان جوائنٹ چیمبر کے مطابق چیئرمین زبیر موتی والا اور صدر جنید اسماعیل مکدا نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی علاقائی امن کے لیے کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران-امریکہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی قیادت نے ہمیشہ تحمل، مذاکرات اور تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا۔
جو خطے میں استحکام کے لیے ایک مثبت سفارتی طرزِ عمل ہے ۔چیمبر نے مؤقف اختیار کیا کہ معاشی ترقی، تجارت کے فروغ اور علاقائی رابطہ کاری کے لیے امن بنیادی شرط ہے ، جبکہ کاروباری برادری کا یقین ہے کہ سفارت کاری اور مسلسل مکالمہ ہی اقتصادی مفادات کے تحفظ اورمستقبل کی خوشحالی کی ضمانت ہیں۔ چیمبر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور معاشی روابط کو مزید مضبوط بنا کر انہیں علاقائی ترقی کی ایک کامیاب مثال بنایا جا سکتا ہے۔