اسٹاک ایکسچینج:مالی سال 26-2025 میں ریکارڈ کارکردگی
نوجوان سرمایہ کاروں کی دلچسپی میں نمایاں 40فیصد اضافہ، 14آئی پی اوزمنظور تاریخی تیزی رہی، ڈیجیٹل سرمایہ کاری نے نئی نسل مارکیٹ کی جانب راغب کی
کراچی(این این آئی)اسٹاک ایکسچینج نے مالی سال 26-2025کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخی تیزی ریکارڈ کی، جبکہ ڈیجیٹل سہولیات اور سرمایہ کاری کے آسان طریقہ کار کے باعث نوجوان سرمایہ کاروں، خصوصاً جنریشن زی کی مارکیٹ میں دلچسپی نمایاں بڑھی۔اعداد و شمار کے مطابق یکم جولائی 2025 سے 30 جون 2026 تک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 53 ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 79 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا۔ اس عرصے میں مارکیٹ میں مجموعی طور پر 43 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ڈالر کی بنیاد پر سرمایہ کاروں کو تقریباً 66 فیصد سالانہ منافع حاصل ہوا، جو خطے کی نمایاں مارکیٹوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں اس تیزی کی بنیادی وجوہات میکرو اکنامک استحکام، آئی ایم ایف پروگرام کے تحت معاشی اصلاحات، افراطِ زر میں کمی، شرح سود میں بتدریج کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہیں۔دوسری جانب سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے سرمایہ کاری کے عمل کو ڈیجیٹل اور آسان بنانے کے اقدامات بھی مثبت نتائج دے رہے ہیں۔ سرمایہ کاری اکاؤنٹس اب موبائل ایپس کے ذریعے کھولے جا رہے ہیں، جس سے نوجوانوں کی بڑی تعداد مارکیٹ کا حصہ بن رہی ہے ۔اعداد و شمار کے مطابق حالیہ برسوں میں کھلنے والے نئے سرمایہ کاری اکاؤنٹس میں تقریباً 40 فیصد اکاؤنٹس 18 سے 30 سال کی عمر کے نوجوانوں کے ہیں۔ اس وقت مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنیوالے اکاؤنٹس کی تعداد چھ لاکھ سے بڑھ چکی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments