گوادر پورٹ کا تجارتی مرکز بننا مثبت پیشرفت، سینیٹر محمد عبدالقادر

گوادر پورٹ کا تجارتی مرکز بننا مثبت پیشرفت، سینیٹر محمد عبدالقادر

اہمیت مستحکم، علاقائی کشیدگی کے باوجود پورٹ پرتجارتی سرگرمیوں کا تسلسل جاری

کوئٹہ(بزنس ڈیسک)سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کا تجارتی مرکز بننا مثبت پیشرفت ہے ، علاقائی بحری کشیدگی اور عالمی تجارتی راستوں پر غیر یقینی صورتحال کے باوجود پورٹ پر تجارتی سرگرمیاں بلا تعطل جاری ہیں، جواہم معاشی اور اسٹریٹجک کامیابی ہے ۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سنگاپور سے آنے والے اس جہاز پر موجود 53 ہزار میٹرک ٹن سے زائد پرائم اسٹیل بلیٹس کو گوادر میں عارضی طور پر ذخیرہ کرنے کے بعد متحدہ عرب امارات کی الحمریہ پورٹ منتقل کیا جانا گوادر میں ٹرانس شپمنٹ سرگرمیوں کے فروغ کی عملی مثال ہے ۔ جبکہ بنگلہ دیشی پرچم بردار جہاز کا گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ گوادر بندرگاہ خطے میں اپنی اہمیت مسلسل مستحکم کر رہی ہے اور بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں کا اس پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ گوادر پورٹ پر تجارتی سرگرمیوں کا تسلسل پاکستان کی بندرگاہی صلاحیت، مؤثر انتظام اور جدید سہولیات کی عکاسی کرتا ہے گوادر کا منفرد جغرافیائی محل وقوع نہ صرف اسے چین، پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کا مرکزی ستون بناتا ہے بلکہ اسے خطے کے ایک اہم متبادل تجارتی اور لاجسٹک مرکز کے طور پر بھی نمایاں کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی شپنگ لائنز کی بڑھتی دلچسپی اس امر کی غماز ہے کہ گوادر ایک محفوظ، قابلِ اعتماد اور جدید بندرگاہ کے طور پر اپنی شناخت مضبوط بنا رہا ہے ۔ حکومتی اقدامات صنعتی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...