سکھر:بزنس کمیونٹی کی سہولت کیلئے ساؤتھ ایئر کی افتتاحی تقریب
ہوائی سفر اہم سنگ میل، تہذیب، دلوں کے ملاپ میں مدد ملے گی، کمشنر
سکھر(بیورو رپورٹ) بیگم نصرت بھٹو ائیر پورٹ سکھر پر عوام اور بزنس کمیونٹی کو ہوائی سفری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے ساؤتھ ائیر لائن کی افتتاحی تقریب کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی کی زیر صدارت ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عابد سلیم قریشی نے کہا کہ ساؤتھ ائیر لائن کا آپریشن نصرت بھٹو ایئر پورٹ سے شروع ہونا بہت بڑا اور ہوائی سفری سہولیات میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سفری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ڈویژنل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہوگی کہ حیدرآباد سکھر موٹر وے کا کام جلد شروع کیا جائے ۔ انتظامیہ کی جانب سے کام مکمل کیا گیا ہے جبکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی مزید کام مکمل کرے گی جس سے بائی روڈ سفری سہولیات میں مدد ملے گی اور گھوٹکی سے زمیندار اور کاروباری حضرات اشیاء چند گھنٹوں میں حیدرآباد مارکیٹ تک پہنچائیں گے۔
کمشنر نے کہا کہ ساؤتھ ایئرلائن کا پنجگور، بہاول پور، رحیم یار خان ، تربت ، گوادر تک آپریشن شروع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2022 کی برسات اور سیلابی صورتحال کے باعث بلوچستان اور سندھ میں انفرااسٹرکچر شدید متاثر ہوا، اس آپریشن سے صرف سفری سہولیات میسر نہیں آئیں گی بلکہ تہذیب اور دلوں کے ملاپ میں مدد ملے گی اور فاصلے کم ہونگے چیلنجز ختم ہونے سے رابطہ کاری سفر کرنے میں مدد ملتی ہے ۔ اس سے قبل ساؤتھ ایئر لائن کے نمائندہ کلیم اللہ بلیدی نے ائیر لائن کے آپریشن کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ائیر لائن کی کوشش ہے کہ پاکستان کے ایسے ایئرپورٹس جہاں آپریشن ملتوی تھا ان کو فعال بنایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments